رباب ہاشم رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

November 28, 2020

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ رباب ہاشم رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ ’میرے محسن‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی خوبرو اداکارہ رباب ہاشم گزشتہ روز شعیب شمشاد کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں جس کی تصویریں اُنہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔


رباب ہاشم نے انسٹاگرام پر اپنے نکاح کا ایک فوٹو کولاج شیئر کیا ہے جس میں اداکارہ اور اُن کے شوہر نکاح کے کاغذات پر دستخط کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔


فوٹو کولاج پوسٹ کرتے ہوئے رباب ہاشم نے کیپشن میں دل والے ایموجی کے ساتھ ’نکاح‘ لکھا۔

اداکارہ نے اپنی زندگی کے سب سے خاص موقع پر خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا جبکہ اُن کے شوہر نے اپنی اہلیہ کے لباس کے رنگ سے ملتی جلتی شیروانی پہنی۔


رباب ہاشم کی جانب سے اُن کے نکاح کی دلکش تصویریں شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں اور مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔


خیال رہے کہ گزشتہ دنوں رباب ہاشم کی اچانک شادی کی تقریبات نے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ رباب ہاشم پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی قابل اداکارہ ہیں جنہوں نے بہت سے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

گزشتہ سال اُنہوں نے جیو انٹرٹینمنٹ کا مقبول ترین ڈرامہ ’میرے محسن‘ کیا تھا جس میں اُنہوں نے اداکار سید جبران کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا تھا۔

رباب ہاشم نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز دس برس کی عمر میں جیو کے بچوں کے پروگرام سے کیا تھا۔