لندن میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ، پولیس کے ساتھ جھڑپیں، 150افراد گرفتار

November 30, 2020

لندن (وجاہت علی، اے پی پی) عالمی وبا کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پولیس نے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے میں 150مظاہرین کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد پر نقص امن، لاک ڈائون قانون کی خلاف ورزی، پولیس پر حملہ اور منشیات رکھنے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ سینکڑوں افراد لندن کے وسطی علاقے میں سڑکوں پراحتجاج و مظاہرہ کیلئے جمع ہوئے۔ اس دوران کچھ مظاہرین نے پولیس افسران کے ساتھ جھڑپیں بھی کیں۔لندن پولیس کا کہنا تھا ’’پولیس اہلکاروں نے لندن میں گروپس میں جمع ہونے کے لئے 150 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین کو آگاہ کردیا گیا تھا کہ کورونا کے باعث مظاہرے اور بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔ مظاہرے کے دوران اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ ہوم سیکٹری پریتی پٹیل نے بتایا کہ ہمارے افسروں نے بہترین کام کیا۔ حالانکہ مظاہرین کی جانب سے انہیں جارحیت کا نشانہ بنایا گیا۔ گرفتار افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ہم لوگوں سے اپنے گھروں کو واپس جانے کی اپیل کرتے ہیں۔مظاہرین میری آزادی واپس کردو، میں کرسمس منانا چاہتا ہوں، میرے چہرے سے ماسک کھول دوجیسے نعرے لگا رہے تھے۔