حکمران مکمل طور پر بوکھلاہٹ کاشکار ہو چکے ہیں ، ن لیگ

November 30, 2020

لاہور(خصوصی نمائندہ)مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ 13دسمبر کو لاہور اورآج 30نومبر کو ملتان میں جلسہ ہر صورت ہوگا حکمران بوکھلاہٹ کا مکمل طور پر شکار ہو چکے ہیں ، ملتان جلسے کو روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے بتارہے ہیں کہ نیازی جا رہا ہے ۔گذشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں اپوزیشن کے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومت نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، کنٹینر ، گرفتاریاں اور ناکہ بندی جیالوں اور جمہوری کارکنوں کا راستہ نہیں روک سکتے۔مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ دیمک زدہ تبدیلی پاکستان کا آٹا اور چینی کھا گئی۔ انہوں نے کہا کہ نالائق آٹا چوروں چینی چوروں میڈیسن اور پیٹرول مافیاکی سرپرست حکومت کا بوریا بستر گول ہونے کا وقت آ گیا ہے۔