عوام نے فیصلہ دےدیا ہےسلیکٹڈ کو جانا ہوگا، آصفہ بھٹو

November 30, 2020

بے نظیر بھٹو شہید کی بیٹی اور پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کے ظلم و جبر کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ ملتان کے اجتماع میں جمع ہوئے۔ عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے، اس سلیکٹڈ کو اب گھر جانا ہوگا۔

ملتان میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب میں آصفہ بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو کے مشن اور بینظیر شہید کے خوابوں کو پورا کریں گے۔ اس سلیکٹڈ حکومت سے ملک کو بچائیں گے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر مبارک باد پیش کرتی ہوں، سلیکٹڈ کےظلم جبر کے باوجود عوام کے جمع ہونے پر شکر گزار ہوں، شہید بھٹو نے فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی، آصف زرداری نے عوامی حاکمیت کی جدوجہد جاری رکھی۔

انہوںنے کہا کہ میں ایسے وقت میں آپ کے درمیان آئی ہوں جب بلاول بھٹو کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، آپ نے ایم آر ڈی کی تحریک میں جمہوریت کا ساتھ دیا، آپ نے دختر مشرق بےنظیر بھٹو کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیا، مجھے یقین اور امید ہے آپ پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے بلاول بھٹو کا ساتھ دینگے۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ حکومت کو لگتا ہے ہم گرفتاریوں سے ڈر جائیں گے، تویہ ان کی بھول ہے، شہید بھٹو کے مشن اور محترمہ کےخواب کوپورا کریں گے، عوام کو سلیکٹڈ حکومت سے بچائیں گے۔