جب تک ویکسین نہیں آتی تب تک باقاعدہ حج نہیں ہو گا، نور الحق

December 02, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ‘‘جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی حکام کے مطابق جب تک ویکسین نہیں آتی اس وقت تک باقاعدہ حج نہیں ہوگا،رہنما پی ٹی آئی صداقت علی عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاک سیاست کی بنیاد ہے،رہنما تحریک انصاف سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن جلسوں کے حوالے سے ضد کررہی ہے۔رہنما پی ٹی آئی کنول شوزب نے کہا کہ پاکستان میں گھریلوتشدد سے آگاہی ضروری ہے ایپلیکیشن بنانے کا مقصد بھی یہی ہے۔عوام ایسے واقعات کی 1099کے نمبر زپر اطلاع دیں۔ وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ تاحال حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ آئندہ برس حج اخراجات میں کتنا اضافہ ہوگا ۔ سعودی حکام کے مطابق جب تک ویکسین نہیں آتی اس وقت تک باقاعدہ حج نہیں ہوگا بلکہ حج اپنی ایس اوپیز کے ساتھ ہوگا اورایس اوپیز کے تحت حج ہوگا تو یقیناً عازمین حج بھی کم ہوں گے ۔وہ بسیں جن میں پچاس حجاج کرام ہوتے تھے اس میں بیس حجاج ہوں گے اسی طرح ہوٹل کے کمرے بھی الگ لگ ہوں گے جس سے اخراجات میں اضافہ ہوجائے گا ۔