لاہور، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں ایک بار پھر قرنطینہ سینٹر بنانے کا فیصلہ

December 03, 2020

لاہور کے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں ایک بار پھر قرنطینہ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے سامنے انٹر نیشنل ٹینس کورٹس کے ہوسٹل میں قرنطینہ سینٹر قائم کرنے کے لیے وزارت صحت پنجاب نے اسپورٹس بورڈ پنجاب سے جگہ مانگی۔

دوسری جانب اسپورٹس بورڈ پنجاب نے ٹینس ہوسٹل وزارت صحت کے سپرد کر دیا جس کے بعد ٹینس کمپلیکس میں ہونے والا ٹورنامنٹ بھی باغ جناح میں منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 21 ہزار 83 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 3 ہزار 91 ہو گئیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 6 ہزار 810 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 205 تک جا پہنچی ہے۔