سردی آتے ہی مرغی کے انڈوں کی قیمت کو پر لگ گئے

December 04, 2020


سردی آتے ہی مرغی کے انڈوں کی قیمت کو پر لگ گئے، ملک میں ایک انڈا کتنے کا ہے، پانچ، دس یا بارہ نہیں بلکہ پورے 16 روپے 25 پیسے تک، وہ بھی فارم کا دیسی نہیں۔ کس شہر میں انڈے کتنے کے درجن ہیں، ادارہ شماریات نے تفصیلات جاری کر دیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران انڈے کی فی درجن قیمت میں زیادہ سے زیادہ 10 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی بھگانے کے لیے انڈے کھاتے تھے وہ بھی پہنچ سے باہر ہوگئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں فی درجن انڈوں کی قیمت 195 روپے، راولپنڈی اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، پشاور اور بنوں میں بھی انڈے 190 روپے فی درجن فروخت ہورہے ہیں۔

سکھر 186، روپے فی درجن اور بہاولپور میں انڈے 184 روپے فی درجن تک پہنچ گئے۔

گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان لاڑکانہ میں انڈے 180 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔

لاہور، فیصل آباد میں انڈے 181 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق خضدار میں انڈوں کی فی درجن قیمت 180روپے فی درجن تک پہنچ گئی۔