انسانی خدمت کے اداروں اور رضا کاروں کو پلیٹ فارم مل گیا

December 05, 2020

کراچی (محمد ناصر) 5/دسمبر کو دُنیا بھر میں رضا کاروں کا عالمی دِن منایا جاتا ہے۔ اِس دِن کو منانے کا مقصد اُن لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو انسانیت کی خدمت میں دِن رات مصروف ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے اور پسند کئے جانے والے”جیونیوز“ کے مارننگ شو ”جیو پاکستان“ میں ”رضاکاروں کے عالمی دن“ پر انہیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ دوسری طرف مارننگ شو میں milkar.com کے ساتھ کام کرنے والے اداروں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شو کے میزبان عبداللہ سلطان اور ہما امیر شاہ کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ”ملین اسمائلز“ کے سی ای او ذیشان افضل نے بتایا کہ”مل کر“ ڈاٹ کام فلاح انسانیت کیلئے بہترین آغاز ہے، پاکستان میں چار ہزار سے زائد ادارے ہیں جنہیں عام طور پر این جی اوز کہا جاتا ہے۔ ان اداروں کے بے تحاشہ کام ہیں جیسے خون کا عطیہ دینا، تعلیم کی فراہمی، خوراک کا بندوبست اور خاص طور پر جب ”کورونا“ نے سر اُٹھایا تو بہت سے لوگ رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار تھے، کوئی خون کا عطیہ دینا چاہتا تھا، کوئی لوگوں تک خوراک فراہم کرنا چاہتا تھا لیکن ایسے لوگوں کے پاس کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں تھا جہاں وہ خود کو رجسٹر کراکے لوگوں تک اپنی فوری خدمات پہنچاسکیں۔ اس طرح کئی این جی اوز تھی جنہیں رضا کاروں کے انتخاب کیلئے بہت مشکل پیش آتی تھی۔ اب ہم آن لائن اس ویب سائٹ کے مرکز پر جمع ہوگئے ہیں۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ اگر ہمارا ادارہ خون کے عطیات فراہم کرنا چاہے تو اس ویب سائٹ پر صرف ایک پوسٹ لگانا پڑتی ہے، پھر وہاں موجود تمام ممبران، این جی اوز اور رضا کار انسانی خدمت کیلئے یکجا ہوجاتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر کئی تنظیمیں اور رضا کار پہلے سے موجود ہیں جن میں انڈس اسپتال، زندگی ٹرسٹ، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن، سندس فاؤنڈیشن، ملین اسمائلز، گرین کریسنٹ فاؤنڈیشن اور ایسے ہی دیگر کئی بڑے ادارے شامل ہیں۔ رضا کاروں کے عالمی دِن کے موقع پر ”جیونیوز“ تمام دِن اپنے پروگرامز اور بلٹینز میں انسانی خدمت کیلئے وقف والنٹیئرزکو خراج تحسین پیش کرے گا۔