بندش کے باوجود متعدد نجی اسکولوں میں تدریس کا سلسلہ جاری

December 05, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں کئی نجی اسکول مالکان نے صوبائی محکمہ تعلیم کے احکامات ہوا میں اڑادیئے ‘بندش کے اعلان کے باوجودمتعدد اسکولوں میں درس تدریس کا سلسلہ جاری ‘اسکول مالکان نے فیس وصولی کیلئے معصوم طلبہ کی صحت داؤپر لگادی‘والدین نے کارروائی کا مطالبہ کردیا‘ذرائع کے مطابق صوبے میں تعلیمی اداروں کی بندش کے اعلان کے باجود لیاری ‘ اولڈ سٹی ایریا‘گارڈن ‘ شو مارکیٹ ‘ گولیمار ‘ملیر ‘سولجر بازار ‘کھارادر ‘کیماڑی ‘ناظم آباد ‘سرجانی‘ نیوکراچی اور دیگر علاقوں میں متعدد اسکول روزانہ کی بنیاد پر کھلے ہوئے ہیں جہاں طلبہ کو یونیفارم کے بغیر گھر کے کپڑوں میں بلایاجاتاہے تاکہ ان کی شناخت نہ ہوسکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کی چھٹیوں کے دوران کئی والدین فیسیں جمع نہیں کراتے جس سے اسکول کی آمدن میں کمی واقع ہوتی ہے ‘اسکول مالکان کسی صورت اپنے منافع میں کمی پر تیار نہیں ہیں اور اسی لئے وہ تدریس اور امتحانات کے نام پر روزانہ بچوں کو اسکول بلارہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق والدین کا کہنا ہے کہ کورونا کی حالیہ لہرکے باعث وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا نہیں چاہتے تاہم اسکول انتظامیہ کی بات نہ ماننے کی صورت میں ان کے بچوں کا سال ضائع ہونے کاخطرہ ہے ۔والدین نے وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ اور وزیرتعلیم سندھ سعید غنی سے مطالبہ کیاہے کہ بچوں کی جان سے کھیلنے والے ایسے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔