انتخابی شکست کے بعد ٹرمپ کی پہلی ریلی، جیت کی امید برقرار

December 07, 2020

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدارتی انتخابات میں شکست کے بعد پہلی ریلی منعقد کی ۔

ٹرمپ جیت کیلئے اب بھی پرامید ہیں اور ریلی سے قبل انھوں نے جارجیا کے رپبلکن گورنر کو ٹوئٹر پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ان پر دباو ڈالا ہے کہ وہ ریاست میں جوباییڈن کی جیت کو الٹنے میں مدد کریں۔

اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے تین نومبر کے صدارتی انتخابات میں ایک بار پھر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین جارجیا میں سینیٹ انتخابات میں بھی دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں۔جنوری میں سینیٹ کے فیصلہ کن انتخابات سے پہلے یہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔

جنوری میں ہونے والے سینیٹ کے انتخابات میں یہ فیصلہ ہوگا کہ ایوان بالا پر کس کا قبضہ ہوگا۔

1992 کے بعد جو بائیڈن پہلے ڈیموکریٹ امیدوار ہیں جنھیں اس ریاست میں کامیابی ملی ہے۔مسٹر ٹرمپ نے بار بار اپنی شکست کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے اور ووٹنگ میں فراڈ کے نہ ثابت کیے جانے والے متعدد دعوے کیے ہیں۔