وزیراعظم عمران خان کی وزیر داخلہ کو لاپتہ افراد کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت

December 08, 2020

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو لاپتہ افراد کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس سمیت 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اس دوران اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے تعلق رکھنے والے امین الحق نے لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھایا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام امین الحق کا کہنا تھا کہ2016 میں اغواء ہونیوالے کارکن شاہد کلیم کی پُراسرار موت سنجیدہ معاملہ ہے۔

ذرائع کے مطابق اس پر وزیراعظم عمران خان وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو لاپتہ افراد کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں بجلی تقسیم کارکمپنیوں کے بورڈ کی تشکیل نو کا معاملہ دوبارہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاد میں فرانس سے تعلقات منقطع کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کی پٹیشن زیربحث آئی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے فرانس سے تعلقات ختم کرنے کے معاملے پر مسلم امہ سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کام کا ٹاسک وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دے دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی او آئی سی ممالک سے رابطوں کے بعد کابینہ کو آگاہ کریں گے۔