ایک اور رکنِ نون لیگ نے استعفیٰ جمع کر ا دیا

December 09, 2020

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت مخالف تحریک جاری ہے جس کے تحت مسلم لیگ نون کی ایک اور رکن نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا۔

پنجاب اسمبلی کی رکن راحیلہ خادم حسین نے اپنا استعفیٰ جمع کرایا ہے، انہوں نے استعفیٰ اپنے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کےنام جمع کرایا ہے۔

راحیلہ خادم حسین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت کے فیصلے پر اپنا استعفیٰ پارٹی کوجمع کرایا ہے، پارٹی قیادت اپنی مرضی کے مطابق میرا استعفیٰ اسمبلی میں جمع کرا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت نے تمام ارکان کو اپنے استعفے 31 دسمبر تک اپنی پارٹی قیادت کو جمع کرا نے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد مسلم لیگ نون کے متعدد قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کرا چکے ہیں۔

اسلام آباد لانگ مارچ کب کیا جائے گا ؟ اس کی تاریخ طے کرنے کے لیے اپوزیشن کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں پہیہ جام ہڑتال، شٹرڈاؤن، جلسوں اور مظاہروں کا شیڈول طے کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرق پڑ چکا ہے، کرسی ہل چکی ہے، بس ایک دھکا اور دینے کی ضرورت ہے، تمام ارکان استعفے 31 دسمبر تک اپنی پارٹی قیادت کو جمع کرا دیں۔