پاکستانی عوام کو سب سے زیادہ مہنگائی نے تباہ و برباد کیا، محمد زبیر

December 09, 2020

سابق وزیراعظم نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو سب سے زیادہ مہنگائی نے تباہ و برباد کیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں محمد زبیر نے کہا کہ بھارت، سری لنکا سمیت پورے ریجن میں پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں بے حد و حساب اضافہ کیا ہے۔

سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حکومت کا کام غربت میں اضافہ کرنا نہیں ہوتا، اُس کا کام فیکٹری اور نوکری فراہم کرنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں فروغ پانے والی معیشت تباہ ہوگئی ہے، بڑے چھوٹے تمام ہی کارروبار مندے میں جارہے ہیں۔

محمد زبیر نے یہ بھی کہا کہ ہمارے نزدیک ملک صحیح معنوں میں جمہوری اقدار پر نہیں چل رہا، موجودہ حکومت نے گندم، چینی اور بجلی کی مد میں عوام سے پیسہ لوٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو احساس پروگرام میں لوگوں کو ایڈ کرنے پر فخر محسوس کرتی ہے۔