کورونا وائرس: لاہور ہائیکورٹ کا جلسوں پر پابندی کی درخواست پر فیصلہ

December 09, 2020


لاہور ہائی کورٹ نے کورونا وائرس کے باعث جلسوں پر پابندی سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنادیا ہے۔

جسٹس جواد حسن نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جلسے کی اجازت کا معاملہ متعلقہ حکام کے زیر غور ہے، عدالت حکومتی پالیسی میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

لاہور ہائیکورٹ نے فیصلےمیں کہا گیا کہ حکومت 2 دن میں جلسے کی اجازت کے حوالے سے فیصلہ کرے۔

عدالت نے حکم دیا کہ سیاسی جماعتیں اور ان کے کارکن کورونا وائرس کے ضوابط( ایس او پیز) پر عمل کریں۔

ہائیکورٹ نے حکومت کو کورونا وائرس سے متعلق ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔

عدالت عالیہ نے درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور افراد کورونا وائرس سے بچنے کےلیے حکومتی گائیڈ لائنز فالو کریں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اس موقع پر انتظامی معاملات میں عدالت کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں، تمام متعلقہ ادارے این سی او سی کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔