بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، ترجمان دفتر خارجہ

December 10, 2020

دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، بھارت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ یورپی یونین رپورٹ کے مطابق بھارت 15برس سے جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں ملوث تھا، نیٹ ورک کو سری واستو گروپ اور اے این آئی نیوز ایجنسی مل کر چلا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی نیٹ ورک فوت شدہ عالمی شخصیات کے ناموں کو پاکستان مخالف پراپیگنڈا کے لیے استعمال کر رہا تھا، بھارت اس مقصد کے لیے بہت سی جعلی این جی اوز کے نام بھی استعمال کر رہا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت ان شرپسندانہ حرکات کے باوجود پاکستان کے نام اور ساکھ کو متاثر کرنے میں ناکام رہا، بھارتی غلط معلومات اور پروپیگنڈا مہم بھارت کے پاکستان کے خلاف مہم کاحصہ ہے، پاکستان بھارت کے شادی ایکٹ کی آڑ میں مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں خطے اور عوام کی بھلائی کے لیے مل کر کام کرنے کا پیغام دیا ہے، موجودہ آر ایس ایس بی جے پی حکومت کی پاکستان دشمنی سے دنیا آگاہ ہے، بھارت کے پاکستان مخالف فیک نیوز،جعلی میڈیا سائیٹس و پروپیگنڈا کا معاملہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ایک ریاست سائیبر اسپیس، انٹرنیٹ اور میڈیا کو ایک ملک کے خلاف دشمنی کے فروغ میں استعمال کر رہی ہے،

پاکستان اس حوالے سے معاملے کو تمام ممکنہ پلیٹ فارمز پر اٹھائے گا،بھارت عالمی برادری انسانی حقوق تنظیموں کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے۔