جاتی امرا میں ڈنڈوں سے بھرے ٹرک پہنچ گئے، فردوس عاشق

December 11, 2020

جاتی امرا میں ڈنڈوں سے بھرے ٹرک پہنچ گئے، فردوس عاشق

لاہور (خصوصی رپورٹر)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ جاتی امرا میں ڈنڈوں سے بھرے ٹرک پہنچ گئے اکثر لیگی رہنما مریم کے خود کش حملہ سے بچنے کیلئے نظر بند ہونا چاہتے ہیں کشمیر میں بیٹیوں کی عزتیں پامال ہو رہی ہیں مودی کشمیر میں نسل کشی میں مصروف ہے ، دنیا اس بدترین ظلم کا نوٹس لے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن پر ڈی جی پی آر آفس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجا ز عالم اگسٹین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پی ڈی ایم جلسہ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا شاہی خاندان کی راجکماری انسانوں کو کرونا کی بھینٹ چڑھانے نکلی ہے۔

لاہور کو شر پسند عناصر سے محفوظ رکھنے کیلئے حکومت پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کا ایک سیل تشکیل دے دیا ہے یہ شوقیہ فنکار اور سیاسی اداکار لاہور میں انتشار، دنگے افراتفری پھیلا نا چاہتے ہیں جس کا کوئی بھی شر پسند فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ استعفے صرف سیاسی سٹنٹ اور فلمی ڈائیلاگ ہے یہ لوگ استعفوں کی تاریخ پر تاریخ دیتے تھک جائیں گے۔