نوجوان کا شناختی کارڈ نہ بنانے پر ہائیکورٹ کا اظہار برہمی، پالیسی طلب

December 12, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نوجوان کی درخواست پر نادرا حکام کو قومی شناخت سے متعلق فوری مکمل پالیسی طلب کرلی۔ جمعہ کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت نوجوان انس احمد کا شناختی کارڈ نہ بنانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس میں کہا کہ عجیب بات ہے نادرا اتنا بڑا ادارہ ہے مگر کیا کوئی پالیسی نہیں اگر والدین انتقال کر جائیں تو کیا پاکستانی شہری ہی تسلیم نہیں کریں گے؟ جس کے والدین نہیں بتائیں وہ کہاں جائیں؟ پاکستانی ہو کر آپ شہری کو پاکستانی تسلیم نہیں کر رہے، بتائیں یہ نوجوان کہاں جائے، کوئی نوکری بھی نہیں دے گا۔ عدالت نے نادرا حکام کو فوری پالیسی مرتب کرنے کا حکم دے دیا ۔ قبل ازیں درخواست گزار کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میری پیدائش کے دوران والدہ انتقال کرگئیں، والد کا بھی نہیں معلوم، ایک پڑوسی نے پرورش کی نادرا والے کہتے ہیں والدین کا ریکارڈ لاؤ، بغیر شناختی کارڈ کے کوئی نوکری دینے کو تیار نہیں۔ لہٰذا استدعا ہے کہ قومی شناخت دینے کا حکم دیا جائے۔