کھانا کھایا مریم نواز نے، بد ہضمی حکومت کو ہو گئی: مریم اورنگزیب

December 12, 2020


مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ کھانا کھایا مریم نواز نے اور بد ہضمی پوری حکومت کو ہو گئی، حکومت کو پتہ چل گیا ہے کہ جلسہ تو نہیں رکنے والا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈی جے بٹ اور بٹ کڑاہی والے کے خلاف ایف آئی آر کاٹ دی۔

انہوں نے کہا کہ ایک وزیر، وزیرِ اعظم عمران خان کو روزانہ شہباز شریف کی چیک لسٹ دیتا ہے، اس وزیر کا حال بھی ڈی جے بٹ جیسا ہو گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل لاہور میں جلسے کا اثر نظر آنے لگا ہے، وزیرِاعظم عمران خان کے گھر سے حکومتِ پنجاب کی چیخوں تک 13 دسمبر کا اثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اختیارات کے باوجود سرکاری خزانے سے روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کی ضروریات کو اپنی ذات پر فوقیت دی۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ جہانگیر ترین بھی ایک وقت میں وزیرِاعظم عمران خان کے اے ٹی ایم کہلاتے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھوٹی ذہنیت کے چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر آ جائیں تو ملک کا حال ایسا ہی ہوتا ہے، اب ہم عوام کو کہتے ہیں، گھبرانا نہیں، پی ڈی ایم ان کے حقوق کیلئے کھڑی ہے۔