شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنائے جانے پر صدر عارف علوی خوش

December 12, 2020


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو وزیر داخلہ بنائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ایوان صدر اسلام آباد میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی نئے وزیر داخلہ سے ملاقات میں وزارت داخلہ سے متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی۔

دوران گفتگو صدر مملکت نے کہا کہ آپ کے وزیر داخلہ بننے پر بہت خوش ہوں، پرامید ہوں کہ آپ وزارت داخلہ احسن طریقے سے چلائیں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ آپ ایک دور اندیش سیاستدان ہیں، امید ہے کہ آپ کی بطور وزیر داخلہ تقرری سے معاملات بہتر ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں آئین کی پاسداری اور قانون پر عمل درآمد کو یقینی بناؤں گا، پسے اور غریب طبقے کی داد رسی کے لیے ترجیحی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اووو سیز پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ، نادرا اور امیگریشن میں سہولیات پیدا کریں گے۔