حکومت نے ریاست کے خلاف بغاوت پر فوری کارروائی کا فیصلہ کرلیا

December 12, 2020

وفاقی حکومت نے ریاست کے خلاف بغاوت پر فوری کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بغاوت پر اکسانے پر بھی فوری کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے مقدمات کے اندارج کا اختیار سیکریٹری داخلہ کو دینے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں کی منظوری سے بھی مقدمے کا اندراج ہوسکے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض دفعہ کابینہ کی منظوری نہ ہونے سے ان مقدمات کی پیروی غیر قانونی ہوجاتی تھی، اس فیصلے کا مقصد ان مقدمات میں فوری کمپلنٹ کرنا اور مقدمات کی پیروی کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدلیہ کی طرف سے کابینہ کو حکومت قرار دینے کے بعد انتظامی امور بھی کابینہ میں پیش ہونے لگے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کو اختیار تفویض کرنے سے اب سمری منظوری کے لیےکابینہ کو نہیں بھیجنا پڑے گی۔