سوئی ناردرن حکام کی بدانتظامی، گیس کا شدید بحران،  صارفین کھانا بنانے سے محروم

December 13, 2020

راولپنڈی (جنگ نیوز) سوئی ناردرن حکام کی بد انتظامی کے باعث شہر بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا اور شدید سردی میں صارفین ہیٹر تو درکنار کھانا بنانے سے بھی محروم ہوگئے۔ سردی اور گیس نہ ہونے کے باعث بوڑھے اور بچے بھی بیمار پڑنے لگے جبکہ دوسری طرف سوئی ناردرن حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میڈیا ٹائون، ویلی روڈ، جہانگیر روڈ، چمن زار کالونی، ڈھوک الٰہی بخش، ویسٹریج بازار، اڈیالہ روڈ، گلشن آباد، کالج روڈ ، اشرف کالونی دھمیال روڈ، آریہ محلہ ، رحیم آبادسمیت متعدد علاقوں میں گیس نایاب ہوگئی۔ میڈیا ٹائون میں دن بھر گیس کا پریشر انتہائی کم رہنے کے بعد شام چھ سے رات بارہ بجے تک گیس تقریباً غائب ہونا معمول بن چکا ہے۔ صارفین کے مطابق اس سے قبل بھی وزیراعظم، ایم ڈی سوئی ناردرن سمیت حکام سے اپیلوں کے باوجود چند روز صورتحال قدرے بہتر رہنے کے بعد پہلے جیسی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو اکثر بادل آنے کی صورت میں بھی گیس غائب ہو جاتی ہے۔ میڈیا ٹائون سمیت شہر بھر کے صارفین نے وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر، ایم ڈی سوئی ناردرن اور اوگرا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خدا کیلئے ان کی حالت پر رحم کیا جائے اور انہیں اتنی گیس تو فراہم کی جائے کہ وہ اپنے بچوں کیلئے کھانا بنانے سمیت دیگر ضروریات پوری کرسکیں۔