کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز تر ہوگیا، ڈاکٹر فیصل سلطان

December 16, 2020


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس دوسری لہر میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

کورونا وائرس کے ضوابط (ایس او پیز) پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ آن اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وبا کا پھیلاؤ تیز تر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس دوسری لہر میں ان علاقوں تک بھی پہنچ چکا ہے جو پہلی لہر کے دوران بچ گئے تھے۔

اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ مثبت کیسز کا تناسب تقریباً جون جیسی تیزی سے بڑھ رہا ہے، اسپتالوں پر بوجھ بڑھنے سے ان کی استعداد میں اضافے کی کوشش کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کورونا وبا مہلک ہے لیکن اس پر قابو پایا جاسکتا ہے، وبا کے خلاف ہمارا بروقت ردِعمل، احتیاطی تدابیر پر عمل مثال بنی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے گزارش ہے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، حکومت کو ایک بار پھر آپ سے تعاون درکار ہے۔