گلستانِ جوہر کراچی میں چائنا کٹنگ کیخلاف گرینڈ آپریشن کا حکم

December 24, 2020


سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں چائنا کٹنگ اور زمینوں پر قبضے کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کے ڈی اے کو گلستانِ جوہر میں گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا۔

عدالتِ عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق تجاوزات فوری ختم کرائی جائیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

عدالتِ عالیہ نے ڈی جی رینجرز اور ڈی آئی جی ایسٹ کو کے ڈی اے سے تعاون اور سپریم کورٹ کے حکم پر اس کی روح کے مطابق عمل کرانے کی ہدایت بھی کی۔

درخواست گزار کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ کےایم سی اور کے ڈی اے حکام قبضہ مافیا کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

درخواست گزار نے یہ بھی بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود قابضین کو نہیں ہٹایا جاسکا۔

ڈائریکٹر کے ڈی اے نے کہا کہ کارروائی کے لیے جاتے ہیں تو شر پسند عناصر حملہ کر دیتے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ رینجرز اور پولیس، کے ڈی اے حکام کو نفری فراہم کریں۔