بھارت، صفائی کرنے والی خاتون بلاک صدر منتخب

December 31, 2020

تقریباً 10برس تک بھارت کی سب سے چھوٹی خود مختار مقامی حکومت پنچایت کے دفتروں میں صفائی ستھرائی کرنے والی خاتون نے بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے ضلع کولام کی نشست پر الیکشن جیت لیا۔

گزشتہ روز صفائی کرنے والی خاتون 46 سالہ اے آنندولی نے جنوبی کیرالہ کے کولم ضلع کے پٹھان پورم میں بلاک پنچایت صدر کی حیثیت سے چارج لیا۔

بھارت میں حال ہی میں ختم ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اے آنندولی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں، انہیں گزشتہ روز بلاک صدر کے عہدے پر فائز کردیا گیا۔

بلاک صدر کی نشست پر جب انہیں لے جایا گیا تو وہ اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکیں اور بے قابو آنسوؤں سے بھری آنکھوں کے ساتھ انہوں نے کہا کہ صرف میری جماعت ہی ایسے کام کرسکتی ہے، میں واقعتا اس کی مقروض رہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ’میں قدرے گھبرائی ہوئی تھی لیکن میری پارٹی کے رہنماؤں اور خیر خواہوں نے مجھے نئی ذمہ داری نبھانے کے لیےحوصلہ بڑھایا۔ میں بلاک پنچایت کو رول ماڈل بنانے کی پوری کوشش کروں گی۔‘

اے آنندولی نے تھلاور ڈویژن سے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں 654 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ اب میری ذمہ داری بھاری ہے، میں اپنے بلاک کے تمام لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کروں گی۔

اے آنندولی سال 2011 میں اسی دفتر میں انہوں نے بطور سویپر 2 ہزار روپے ماہانہ قلیل تنخواہ پر پارٹ ٹائم کام کا آغاز کیا جو اب 6ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

اس سے قبل بھارت کی ریاست کیرالا کے شہر تھیروواننتھاپورم میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کی رکن 21 سالہ طالبہ آریا راجندرن ملکی تاریخ کی کم عمر میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

خیال رہے کہ پنچایت یا گرام پنچایت بھارت کی سب سے چھوٹی خود مختار مقامی حکومت ہے۔ 2002ء کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں تقریبا 26500 گرام پنچایتیں ہیں۔

گرام پنچایت کے منتخب شدہ ارکان اپنوں میں سے پانچ سال کی مدت کے لیے ایک صدر یا سرپنچ اور ایک نائب صدر یا نائب سرپنچ کا انتخاب کرتے ہیں۔

سرپنچ گرام پنچایت کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتا ہے اور اس کے کام کاج کی نگرانی کرتا ہے۔ وہ گاؤں کے ترقیاتی منصوبوں کو نافذ کرتا ہے۔