شہداء کی فیملی کا پورا خیال رکھا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان

January 09, 2021


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہداء کی فیملی کا پورا خیال رکھا جائے گا، شہدا کے لواحقین نے شکوہ کیا کہ پہلے بھی صرف ان سے وعدے ہوتے رہے ، اس پر عمران خان نے کہاکہ اس بار حکومت کا رویہ مختلف ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے لیے متاثرہ خاندانوں کو سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی بلایا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ بڑے سانحے پیش آئے ہیں،یہ واقعہ بڑی گیم کا حصہ ہے، متاثرین کواکیلا نہیں چھوڑیں گے،35 سے 40 لوگ دہشت گردی کررہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزکا ایک سیل بن رہا ہے، ہزارہ کمیونٹی کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب پہلے عام آدمی تھا توہزارہ کمیونٹی کے پاس آیا تھا،کئی مرتبہ پیغامات بھجوائے کہ آپ اپنے پیاروں کو دفنادیں میں آپ کے پاس آؤں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ساری قوم ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں پتا ہے کہ فساد پھیلانے کی کوشش کون کررہا ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنما ایم ڈبلیو ایم آغارضا نے بتایا کہ وزیراعظم نےکہا کہ بلیک میلنگ کا لفظ پی ڈی ایم کی قیادت کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ طے پائے گئے معاملات پر عملدرآمد ہوگا۔

آغا رضا نے کہا کہ ان کا کوئی ذاتی کوئی ایجنڈا نہیں تھا، دھرنا شہداء کے لواحقین کی جانب سے دیا گیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ وفاق کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کی رقم بعد میں دی جائےگی۔