• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پربہت دکھ اور افسوس ہے، وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی کےافراد کا قتل افسوسناک ہے، ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پر بہت دکھ اور افسوس ہے، ہم ہزارہ برادری کی سیکیورٹی کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کی نسل کشی کی جارہی ہے، میں نے اپنے بیان میں ہزارہ برادری سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے پیاروں کو دفنا دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے، کچھ دہشتگرد گروپوں اور داعش کا اتحاد ہوچکا ہے، داعش کو بھارت کی سپورٹ حاصل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ  افغان جہاد ختم ہونے کے بعد عسکری گروہوں نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مارچ میں ہی کابینہ کو بھارت کی پاکستان میں فرقہ وارانہ تصادم کی کوششوں سے آگاہ کردیا تھا، بھارت نے پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کروانے کی کوشش کی۔


انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بیان میں ہزارہ برادری سے درخواست کی تھی وہ اپنے پیاروں کو دفنا دیں،  سیکیورٹی اداروں نے کئی گروہوں کو دہشتگردی سے پہلے ہی کارروائیوں میں گرفتار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  بلوچستان کے ایک ریمورٹ ایریا میں یہ افسوسناک واقعہ ہوا، بلوچستان کی آبادی پنجاب کے فیصل آباد ڈویژن کی آبادی جتنی ہے،  کم آبادی اور ووٹوں کی وجہ سے ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان پر توجہ نہیں دی، ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کی تباہی میں وہاں کے سرداری سسٹم کا بھی کردار ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں مولانا عادل کا قتل بھی فرقہ وارانہ تصادم کو ہوا دینے کی کوشش تھی، ہمارے اداروں نے مسلکی تصادم کو روکنے کے لیے بہترین کام کیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری ایجنسیوں نے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا، ہمارے خفیہ ادارے اور فوج بہترین ادارے ہیں۔

تازہ ترین