فوج کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے، اسپیکر پنجاب اسمبلی

January 13, 2021

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ فوج غیر جانبدار ادارہ ہے سیاست میں ملوث نہ کیا جائے، ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا، پاک فوج نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

قصور کی سیاسی و سماجی شخصیت رانا ممتاز علی نے لاہور میں پرویز الٰہی سے ملاقات میں مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ فوج اور اداروں نے اندرونی و بیرونی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، یہ وقت سیاست کا نہیں عوامی خدمت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے، پاک فوج اور انتظامی اداروں نے ہمیشہ غیر جانبدار رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کی، پاک فوج سیلاب، زلزلہ اور عوامی خدمت میں پیش پیش رہی۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ پاک فوج سمیت تمام اداروں نے پاکستان کی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے۔