لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند، پروازوں کا شیڈول متاثر

January 13, 2021

فائل فوٹو

پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے کئی مقامات پر بند کردی گئی جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے اطراف شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، 17 پروازیں منسوخ جبکہ 13 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق نجف، ابوظبی اور استنبول سے لاہور آنے، جانے والی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

دھند کے باعث لاہور سے دبئی اور ریاض جانے والی دو پروزیں جبکہ کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی تین پروازیں منسوخ کی گئیں۔

حکام کے مطابق دمام، مسقط، شارجہ اور دوحہ سے لاہور آنے والی پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں، اندرون ملک بعض پروازیں بھی دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دوسری جانب پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث موٹروے پر حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی جس کے بعد موٹروے کو کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

ادھر محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کے مزید سرد رہنے کی بھی پیش گوئی کردی۔