مدارس کے طلبا کو PDM احتجاج میں شرکت سے روکنے کا فیصلہ

January 14, 2021

سلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس میں حکومت نے مدارس کے طلباء کو پی ڈی ایم احتجاج میں شرکت سے روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو ٹاسک سونپ دیا۔وزیر داخلہ نے علماء کرام کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔عمران خان نے کہا کہ مذہب کی آڑ میں سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی ‘ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے نبھائیں گے۔دریں اثناءترجمانوں کے اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی جلد کنٹرول کرلیں گے‘ درآمداور برآمد میں فرق کی وجہ سے مہنگائی زیادہ ہوئی۔ان کا کہناتھاکہ اس سال چینی بروقت درآمد کریں گے‘عالمی مارکیٹ سے سستی چینی خریدیں گے، شوگر ملز کو ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے پر کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہوئیں۔