دھابیجی، 4 دن میں دوسری بار پھٹنے والی پانی کی لائن کی مرمت شروع

January 14, 2021

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی فراہم کرنیوالی متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا، متاثرہ لائن چار دن میں دوسری بار پھٹی ہے۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر گزشتہ شام بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی کے بیک پریشر سے پھٹنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن نمبر 5 کے متاثرہ حصہ کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

واٹر بورڈ کے مطابق مرمت کے لئے کراچی سے ویلڈنگ پلانٹ سمیت دیگر مشنری منگوا لی گئی ہے اور شام تک مرمت کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

پائپ لائن پھٹنے سے قائد آباد،شاہ لطیف کالونی، پپری سمیت دیگر قریبی علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی تاہم کراچی کو دیگر لائنوں سے پانی کی فراہمی جاری ہے۔

متاثرہ پائپ لائن گزشتہ چار روز میں دوسری بار پھٹی ہے جس سے کراچی کے مختلف علاقوں کو کروڑوں گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔