PDM کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے: اعجاز شاہ

January 14, 2021

وزیرِ انسدادِ منشیات اعجاز شاہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ انسدادِ منشیات اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کمزور ہوئی ہے، ان ہاؤس تبدیلی سیاسی عمل ہے۔

انہوں نے نون لیگ کو اپنے طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون کے لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز ہونے کے باجود ان کا جلسہ فلاپ ہوا۔

وزیرِ انسدادِ منشیات کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں کوئی ذہنی بیمار ہو تو اسے مولوی کے پاس دم کرانے لے جاتے ہیں، جب ایک معاشرے میں 50 فیصد افراد ذہنی بیمار ہوں تو اس معاشرے کا کیا بنے گا؟

انہوں نے کہا کہ منشیات وہ لوگ لینے لگتے ہیں جو معاشرے سے مطمئن نہ ہوں، کوئی گرل فرینڈ سےشادی نہ ہونے کے دکھ میں منشیات کی راہ پر لگ جاتا ہے۔

وزیرِ انسدادِ منشیات اعجاز شاہ کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں مسائل تب شروع ہوئے جب ہم نے اپنی اقدار بھلائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امیر والدین کے بچے اس لیے منشیات لینے لگتے ہیں کہ ان کے پاس اور کوئی مسائل نہیں ہوتے، وہ واٹ نیکسٹ کے چکر میں منشیات کی راہ پر لگ جاتے ہیں۔