ثنا جاوید کی دوسری بہن کی بھی شوبز میں انٹری

January 15, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ثنا جاوید کی چھوٹی بہن تہمینہ جاوید نے بھی ڈرامہ انڈسٹری میں انٹری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ثنا جاوید کی بہن حنا جاوید کی ڈرامہ انڈسٹری میں کامیاب انٹری کے بعد اب اُن کی دوسری بہن تہمینہ جاوید بھی اپنی بہنوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شوبز میں داخل ہوگئی ہیں۔

تہمینہ جاوید نے ڈرامہ ’چمک دمک‘ سے اپنی اداکاری کے کیرئیر کا آغاز کیا ہے، اس ڈرامے میں وہ انعم نامی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

ثنا جاوید کی بہن کا یہ ڈیبیو ڈرامہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں تہمینہ جاوید نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی نئی تصویر شیئر کی۔


تہمینہ جاوید نے تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تصویر اُن کے ڈرامہ سیریل ’چمک دمک‘ کے سیٹ پر لی گئی تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ثنا جاوید کی بہن حنا جاوید نے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تُم ہو‘ سے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔

حنا جاوید نے اس ڈرامے میں اداکارہ حرا مانی کی بہن کا کردار نبھایا تھا اور اس ڈرامے کے بعد اُنہیں خوب مقبولیت بھی حاصل ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ثنا جاوید اور گلوکار عمیر جسوال نے اپنے نکاح کی تصویر شیئر کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

شوبز جوڑی کے نکاح کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔