• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ ماہ معروف گلوکار عمیر جسوال کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی خوبرو اداکارہ ثنا جاوید نکاح کے بعد فوٹو گرافر بن گئی ہیں۔

عمیر جسوال کے ساتھ نکاح کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر شوہر کے ہمراہ نت نئی تصویریں شیئر کرکے مداحوں کے تعریفی پیغامات موصول کرنے والی ہردلعزیز اداکارہ اب شادی کے بعد اپنے شوہر کے لیے فوٹو گرافر کے فرائض بھی سرانجام دیتی نظر آرہی ہیں۔

اس حوالے سے عمیر جسوال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں گلوکار موبائل فون میں مصروف نظر آرہے ہیں۔

عمیر جسوال کی تصویر پر جہاں اُن کے مداحوں کی جانب سے مختلف قسم کے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں گلوکار کی اہلیہ ثنا جاوید بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

ثنا جاوید نے اپنے شوہر کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’واہ تصویر تو بہت زبردست ہے، اب یہ بھی بتادیں کہ اس تصویر کی فوٹو گرافر کون ہے؟‘

اس سے قبل عمیر جسوال نے اپنی انسٹا اسٹوری میں ثنا جاوید کے ہمراہ کچھ سیلفیاں شیئر کی تھیں جنہیں دیکھ کر لگ رہا تھا کہ شوبز کا یہ نو بیاہتا جوڑا کہیں سیر سپاٹے کے لیے جارہا ہے۔

عمیر جسوال نے انسٹا اسٹوری میں سیلفی شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا تھا کہ ’ملین ڈالر کا سوال ہے کہ بیگم آج کیا کھانا ہے؟‘

گلوکار نے اپنی اگلی انسٹا اسٹوری میں ایک اور سیلفی کے ساتھ اہلیہ کا جواب بتاتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ثنا کا کہنا ہے کہ عمیر کھانے کا کچھ معلوم نہیں بس تم سیلفی سے اپنا پیٹ بھر لو۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ثنا جاوید اور گلوکار عمیر جسوال نے اپنی شادی کی تصویر شیئر کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

شوبز جوڑی کی شادی کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

تازہ ترین