گزشتہ روز نامور گلوکار عمیر جسوال کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی خوبرو اداکارہ ثنا جاوید کے بھائی عبداللّہ جاوید کی جانب سے سوشل میڈیا پر اُن کی بہن اور بہنوئی کے لیے محبت بھرا جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔
ثنا جاوید کے بھائی عبداللّہ جاوید نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بہن کے نکاح کی دن کی خوبصورت تصویر پوسٹ کی ہے جس میں عمیر جسوال اور ثنا جاوید دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے بیٹھے ہیں۔
انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے عبداللّہ جاوید نے اپنی بہن اور بہنوئی سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہماری زندگی کا ایک خوبصورت دن تھا۔‘
ثنا جاوید کے بھائی نے لکھا کہ ’بہت خوش قسمت ہوتے ہیں وہ بھائی جو اپنی بہن کو خوش دیکھتے ہیں اور جب اُنہیں ایک ایسا بہنوئی مل جائے جو اُن کی بہن سے بہت زیادہ محبت کرے تو بھائی مطمئن ہوجاتے ہیں۔‘
اُنہوں نے ثنا جاوید اور عُمیر جسوال کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ دونوں اپنی پوری زندگی خوشی خوشی ایک ساتھ رہیں، آمین، یہ ایک بھائی کی دعا ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز ثنا جاوید اور گلوکار عمیر جسوال نے اپنی شادی کی تصویر شیئر کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔
شوبز جوڑی کی شادی کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔