• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دنوں معروف گلوکار عمیر جسوال کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی نامور اداکارہ ثنا جاوید کے بھائی عبداللّہ جاوید کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بہن سے اس قدر محبت کرتے ہیں کہ اُن کے لیے جان بھی دے سکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عبداللّہ جاوید نے اپنی بہن ثنا جاوید کے ساتھ اُن کے نکاح کے دن کی کچھ یادگار تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے اپنی بہن کے لیے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔


عبداللّہ جاوید نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں ثنا جاوید سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میری کرائم پارٹنر مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے جب ہم دوسروں کو تنگ کرنے کے لیے پرینک کالز کیا کرتے تھے اور اسکول/کالج لائف میں جب ہمارا کسی کے ساتھ جھگڑا ہوتا تھا تو مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک دوسرے کو بُلاتے تھے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں نے ہمیشہ خود کو تمہارا رہنما مانا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو میں تمہارے لیے اپنی جان بھی دے سکتا ہوں۔‘

اداکارہ کے بھائی نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ اب تُم ایک سمجھدار عورت بن گئی ہو اور اگر اب میں نہ بھی رہا تو تمہاری رہنمائی کرنے کے لیے ایک بہترین شخص عمیر جسوال موجود ہے جو ہر طرح سے تمہارا خیال رکھے گا۔‘

ثنا جاوید کے بھائی نے لکھا کہ ’شاید ہمارے راستے جُدا ہوجائیں لیکن میں اس کے باوجود بھی اپنی پیاری بہن سے پیار کرنا نہیں چھوڑوں گا۔‘

بھائی کی جذباتی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ثنا جاوید نے لکھا کہ ’میں تم سے بہت محبت کرتی ہوں۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل عبداللّہ جاوید نے انسٹاگرام پر اپنی بہن کے نکاح کی دن کی خوبصورت تصویر پوسٹ کی تھی جس میں عمیر جسوال اور ثنا جاوید دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے بیٹھے تھے۔


عبداللّہ جاوید نے اپنی بہن اور بہنوئی سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہ ہماری زندگی کا ایک خوبصورت دن تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’بہت خوش قسمت ہوتے ہیں وہ بھائی جو اپنی بہن کو خوش دیکھتے ہیں اور جب اُنہیں ایک ایسا بہنوئی مل جائے جو اُن کی بہن سے بہت زیادہ محبت کرے تو بھائی مطمئن ہوجاتے ہیں۔‘

عبداللّہ جاوید نے ثنا جاوید اور عُمیر جسوال کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’آپ دونوں اپنی پوری زندگی خوشی خوشی ایک ساتھ رہیں، آمین، یہ ایک بھائی کی دعا ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ثنا جاوید اور گلوکار عمیر جسوال نے اپنی شادی کی تصویر شیئر کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

شوبز جوڑی کی شادی کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

تازہ ترین