پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا، جنرل باجوہ

January 16, 2021

پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا، جنرل باجوہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کامطلب پاکستان میں امن ہے، پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت کرتا رہے گا افغانستان میں امن کامطلب پاکستان میں امن ہے، بارڈرکنٹرول اقدامات کےدوررس نتائج ہونگے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کورہیڈکوارٹرز پشاورکے دورے پر پہنچے تو کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نےاستقبال کیا۔

آرمی چیف کو صوبے میں سکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو باڑ لگانے اور ایف سی و پولیس کی صلاحیتیں بڑھانےکے امور پر بریف کیا گیا۔

آرمی چیف نے افسران و جوانوں کی قبائلی اضلاع میں امن و استحکام کی کوشش کی تعریف کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والےاداروں، ایف سی اور پولیس کےکردار کو سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نےکہاکہ امن واستحکام کوتقویت دینےکیلئےکوششیں ثمرآورثابت ہوں گی اور بارڈرکنٹرول کےاقدامات کےدوررس نتائج ثابت ہوں گے۔ دیرپا امن و استحکام کیلئے فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔