مشل کیساتھ گُزرا ہر لمحہ میرے لیے نعمت ہے: بارک اوباما

January 18, 2021

امریکا کے سابق صدر بارک اوباما نے اپنی اہلیہ مشل اوباما کے لیے سوشل میڈیا پر محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔

گزشتہ روز مشل اوباما نے اپنی 57ویں سالگرہ منائی اور اس موقع پر جہاں اُنہیں دُنیا بھرے سے پیغامات موصول ہوئے تو وہیں اُن کے شوہر اور امریکا کے سابق صدر بارک اوباما نے بھی اہلیہ سے محبت کا اظہار کردیا۔

اس ضمن میں بارک اوباما نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام پر اکاؤنٹ پر اہلیہ مشل اوباما کی ماضی کی یادگار تصویر شیئر کی۔


بارک اوباما نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری محبت، میری ہمسفر اور میری سب سے بہترین دوست کو سالگرہ مبارک ہو۔‘

امریکا کے سابق صدر نے لکھا کہ ’آپ کے ساتھ گزارا گیا ہر لمحہ میرے لیے ایک بڑی نعمت ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے اہلیہ سے اظہارِ محبت کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں۔‘

بارک اوباما نے 15 گھنٹے قبل ہی اہلیہ کے لیے یہ خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے جسے اب تک تین کروڑ سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں۔

دوسری جانب مشل اوباما نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے سالگرہ کے موقع پر اُن کے لیے محبت بھرے پیغامات بھیجے۔


مشل اوباما نے کہا کہ ’سالگرہ کی خوبصورت اور نیک خواہشات کے لیے آپ سب کا شکریہ۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں جانتی ہوں کہ یہ گزشتہ سال ہم سب کے لیے بہت ساری سطحوں پر مشکل رہا ہے، لہٰذا میں صرف امید کرتی ہوں کہ آپ سب اپنی دیکھ بھال کرتے ہوئے چھوٹے چھوٹے لمحوں میں خوشیاں سمیٹ رہے ہوں گے۔‘

خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر بارک اوباما کی اہلیہ مشل اوباما نے گزشتہ روز اپنی 57ویں سالگرہ منائی۔

مشل اوباما کی سالگرہ کے موقع پر دُنیا بھر سے اُنہیں محبت بھرے پیغامات موصول ہوئے۔