آج قوم چور مچائے شور کا عملی مظاہرہ دیکھے گی: مراد سعید

January 19, 2021


وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید کہتے ہیں کہ آج قوم اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے چور مچائے شور کا عملی مظاہرہ دیکھے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان نے سیاسی جماعت کو بھی اپنے دھندے کیلئے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹیز کو فرنٹ کمپنی بنایا جہاں کرپشن کک بیکس کا پیسہ آتا اور منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ستمبرمیں فیصلہ آیا کہ نون لیگ اور پی پی نے فارن فنڈنگ کا ریکارڈ اور رسیدیں نہیں دکھائیں، الیکشن کمیشن نے 6 ہفتوں کا وقت دیا لیکن وہ ڈیڈ لائن بھی گزر گئی رسیدیں نہیں آئیں۔

مراد سعید کا کہنا ہے کہ قوم اب ان جماعتوں سے چند سوالوں کے جواب چاہتی ہے، پیپلز پارٹی نے ابھی تک فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ نہ لینے کا سرٹیفکیٹ کیوں نہیں دیا؟

انہوں نے سوال کیا کہ کیا لندن اور امریکا میں بنائے جانے والی کمپنیوں کا سامنے آنے کا ڈر ہے؟ کیا سرکاری ٹھیکوں میں لیے جانے والے کمیشن اور کرپشن کا منظرِ عام پر آنے کا ڈر ہے؟

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ رسیدیں ہیں نہیں تو الیکشن کمیشن سے این آر او مانگنے کیلئے ڈرامہ کیا جا رہا ہے، ہم فارن فنڈنگ کا جواب لے کر رہیں گے، رسیدیں تو دینی پڑیں گی۔