مسترد ٹولہ سیاست ترک کرکے فاشسزم کی راہ پر چل نکلا ہے، احمد جواد

January 19, 2021

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کہتے ہیں کہمسترد ٹولہ سیاست ترک کرکے فاشسزم کی راہ پر چل نکلا ہے۔

مریم اورنگزیب کے بیان پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مایوس اور شکست خوردہ اپوزیشن اداروں کو دھمکانے پر اُتر آئی ہے۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ شریف خاندان کی تجوریوں میں دولت کی رسیدیں مل رہی ہیں نہ ن لیگ کے اکاؤنٹس کا کوئی حساب کتاب۔

احمد جواد نے یہ بھی کہا کہ پہلے سپریم کورٹ اور احتساب عدالت ان سے رسیدیں مانگتی رہیں، اب الیکشن کمیشن مانگ رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ رسیدیں دینے کی بجائے الیکشن کمیشن کو لشکرکشی کے ذریعے دھمکایا جارہا ہے۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ دھمکیوں اور اداروں پر یلغار سے مردہ سیاست زندہ کرنے کی کوششیں پہلے کامیاب ہوئیں نہ اب ہوگی۔

واضح رہے کہ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سال 2000ء میں آمر پرویز مشرف نے 6 ماہ پہلے بنائی گئی کمپنی کو 600 کروڑ دیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ براڈ شیٹ ڈرامے میں پاکستانی قوم کا کروڑوں روپیہ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا تھا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ گھڑنے اور اپنے مارشل لاء کو جواز فراہم کرنے کے لیے پرویز مشرف نے براڈ شیٹ کمپنی کو استعمال کیا۔