الیکشن کمیشن کا انصاف پرمبنی فیصلہ کیوں نہیں آ رہا: مولانا عبدالغفور حیدری

January 19, 2021

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے سوال اٹھایا ہے کہ الیکشن کمیشن کاانصاف پرمبنی فیصلہ کیوں نہیں آرہا۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاحی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولاناعبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ آج انسانوں کا سمندر الیکشن کمیشن کے باہر جمع ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن بتائے کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کو کیوں دبا رکھا ہے، نیب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف، فضل الرحمٰن، آصف زرداری، شہباز شریف کا کیا قصور ہے؟

مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمٰن، آصف علی زرداری اور میاں شہباز شریف نے آئینہ دکھایا۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پہلے بھی آپ کا مقابلہ کیا اور آگے بھی کریں گے، تم مولانا فضل الرحمٰن کو کیوں خوفزدہ کرتے ہو؟