• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کو آج یادداشت پیش کریں گے: مولانا عبدالغفور حیدری

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کو آج پی ڈی ایم کے فیصلوں کے تحت یادداشت پیش کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بتائیں گے کہ 2018ء میں جو دھاندلی کی اس کا داغ دھونا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو ہم نے احتجاج کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے، شیخ رشید باتیں تو بہت کرتے ہیں مگر سامنے نہیں آتے۔

واضح رہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر کرنے کے خلاف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر آج احتجاج کیا جا رہا ہے جس کے سلسلے میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ اس ضمن میں وزارتِ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے اس کنٹرول روم کا دورہ کیا ہے اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔

کنٹرول روم میں امن و امان کی صورتِ حال کی مانیٹرنگ کی جائے گی، ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی۔

تمام اہم عمارتوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے اضافی دستے تعینات کیئے گئے ہیں، اس سلسلے میں 1800 سے زائد پولیس جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔


سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق ریلی کے شرکاء کی طرف سے قانون شکنی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ادھر آئی جی اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کا دورہ کر کے سیکیورٹی کی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔

تازہ ترین