وزیرِ اعظم عمران خان سے خواتین اراکینِ قومی اسمبلی کی ملاقات

January 23, 2021


وزیرِ اعظم عمران خان سے خواتین اراکینِ قومی اسمبلی عاصمہ قدیر اور جھنگ سے غلام بی بی بھروانہ نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر عاصمہ قدیر نے وزیرِاعظم عمران خان کو سسٹین ایبل ہاؤس ہولڈ منصوبے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ کسی بھی گھر کو اپنے طور پر سسٹین ایبل یونٹ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عاصمہ قدیر نے بتایا کہ کچن گارڈننگ اور پولٹری سے متوسط گھرانے کی ضروریات پوری ہو سکیں گی، اس سے روزگار بھی کمایا جا سکے گا، مجوزہ منصوبہ کم سے کم کاربن فٹ پرنٹ کی وجہ سے ماحول دوست ہے۔

رکنِ قومی اسمبلی عاصمہ قدیر نے وزیرِ اعظم عمران خان کو شجر کاری کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

غلام بی بی بھروانہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو جھنگ میں عوامی فلاح کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکانِ پارلیمنٹ اپنے حلقے کے مسائل اور خواتین کے مسائل کے حل کیلئے مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کا مسائل کے حل کیلئے کردار خوش آئند بات ہے۔