محکمہ صحت پنجاب میں 32 ہزار بھرتیاں کیں، یاسمین راشد

January 23, 2021

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت سنبھالی تو اسپتال میں 50 فیصد عملہ کم تھا، ہم نے 32 ہزار بھرتیاں کیں۔

ایک بیان میں صوبائی وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ہم نے اقتدار میں آنے کے بعد 32 ہزار ڈاکٹر، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھرتی کیا۔

انہوں نے کہاکہ کوتاہی برتنے پر گزشتہ روز 2 اسپتالوں کے ایم ایس معطل کردیے ہیں اب کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 2 سالوں میں ہماری بھرتیوں کے بعد 80 فیصد عملہ پورا کردیا ہے جبکہ مزید 1700 نرسیں اور 9 ڈاکٹر بھرتی کرنے جارہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ اب اسپتالوں میں کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ برداشت نہیں کیا جائے گا، سرویلنس اور مانیٹرنگ شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نرسوں کا ڈپلومہ ڈگری میں تبدیل کردیا، زیرِ تربیت نرسوں کا وظیفہ بھی 21 ہزار سے بڑھ کر 31 ہزار ماہانہ کردیا۔