ملک میں کلب کرکٹ سرگرمیاں شروع کررہے ہیں، وسیم خان

January 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ تنقید کا سلسلہ چلتا رہتا ہے لیکن چیف ایگزیکٹو اور چیئرمین احسان مانی اچھی گورننس کے ساتھ اپنا کام کررہے ہیں، جو جاری رہیں گے لیکن ٹیم کی کارکردگی کی وجہ سے مایوسی ہونا فطری بات ہے۔ پرستارنتائج دیکھنا چاہتے ہیں لیکن جب نتائج نہیں ملتے تو پھر تنقید بھی ہوتی ہے۔ ایک انٹر ویو میں وسیم خان نے تسلیم کیاکہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اور پاکستان میں انٹر نیشنل سیریز کے حوالے سے تو کام ہوا ہے البتہ ایسوسی ایشنز کی عبوری کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر ہو ئی ہے، دو سے تین ہفتوں میں ایسوسی ایشنز کی کمیٹیوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ کلب کرکٹ کی شروعات نہ ہونے کی وجہ بھی ایسوسی ایشنز کی کمیٹیوں کی تشکیل نہ ہونا ہے، کلب کرکٹ کی سرگرمیاں باقاعدہ شروع کر رہے ہیں اور اس کے لیے رجسٹریشن بھی کر رہے ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ بورڈ اور پی ایس ایل نے ایک ساتھ چلنا ہے، فرنچائزز نے سرمایہ کاری کی ہے، مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں ہم نے مسائل حل کر لیے ہیں، فیس جمع کرا دی گئی ہے۔ وسیم خان نے اپنے مستقبل سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے ابھی دو بڑے کام کرنے ہیں توجہ انہی پر ہے، ان میں ایک فیوچر ٹور پروگرام ہے اور دوسرا آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے لیے درخواستیں جمع کرانا ہے، اکتوبر نومبر تک آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی درخواستیں دے دیں گے، ان میں آئی سی سی کے 7،8 ایونٹس شامل ہیں۔