ن لیگی ارکان وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے مخالف

January 25, 2021

مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کردی گئی۔

مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکانِ اسمبلی نے شرکت کی، جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بیشتر ارکان نے رائے دی کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نواز شریف کے بیانیے کی نفی ہوگی۔

ارکان نے واضح طور پر کہاکہ اپوزیشن اتحاد کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے کسی کا سہارا لینا ہوگا، اُن قوتوں کا سہارا لینا پڑے گا جنہیں ن لیگ پارلیمنٹ سے باہر کرناچاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی قیادت نے ارکان پارلیمان پر واضح کیا کہ تحریک عدم اعتماد کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، لیکن ایسا ہونا نہیں چاہیے۔

مریم نواز کی گفتگو پر سینیٹر رانا مقبول نے کہاکہ مریم نواز جرات کے ساتھ نواز شریف کاموقف لےکر چل رہی ہیں۔

جاوید لطیف نے کہاکہ نواز شریف کے بیانیے کی ترجمانی اپوزیشن اتحاد کے جلسوں میں نظر آرہی ہے۔

ذرائع کے مطابق علی گوہر نے کہاکہ مریم نواز کو جہاں بھی ضرورت پڑی ہم نے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

مشاہد حسین سید نے کہاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

اجلاس میں مریم نواز نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر پارٹی موقف پی ڈی ایم اجلاس میں پیش کریں گے۔

مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تمام ارکان نے ہاتھ اٹھا کر نواز شریف کے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے بیانے کی تائید کی۔