ایسی خواتین کی کہانیاں سامنے لانا چاہتی ہوں جن کی مثالیں دی جاتی ہیں، ثروت گیلانی

January 26, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراما و فلم انڈسٹری میں 30 سال کی عمر کے بعد لڑکیوں کو خواتین تصور کرتے ہوئے انہیں ہیروئن کے کردار نہیں دیئے جاتے۔ میرا سیٹھی سے یوٹیوب پر بات کرتے ہوئے ثروت گیلانی نے شکوہ کیا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں 30 سال بعد لڑکیوں کو اہمیت نہیں دی جاتی اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ایسی ہی خواتین کے لیے کہانیاں بنائیں، جن کی عمریں 30سال سے بڑھ جاتی ہیں۔اداکارہ نے پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی بار ایسے کرداروں کی پیش کش کی گئی جن میں انہیں کسی دیور یا جیٹھ کے ساتھ عشق کرنا تھا تاہم انہوں نے ایسے کرداروں کو جان بوجھ کر ادا کرنے سے انکار کیا۔ثروت گیلانی کے مطابق ایسے موضوعات کے بجائے وہ ایسی خواتین کی کہانیاں سامنے لانا چاہتی ہیں، جن کی معاشرے میں مثالیں دی جاتی ہیں۔ثروت گیلانی کے مطابق ایسی خواتین کے مسائل اس وقت ہی اسکرین پر آئیں گے جب مواد لکھنے یا بنانے والی کوئی خاتون ہو گی اور اسی لیے وہ اپنی ساتھی اداکاراؤں کو مشورہ دیتی ہیں کہ وہ بھی اس فیلڈ میں آئیں۔ ثروت گیلانی کے مطابق ایسا بلکل نہیں ہونا چاہیے کہ ہر بار لڑکا ہی لڑکی سے محبت کا اظہار کرے، انہیں کھانے کی دعوت دے گا اور وہی تعریف کرے گا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ لڑکیوں کو بھی یہ سب کام کرنے چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی کے بعد آج تک وہ ضرور روز ایک کام ایسا کرتی ہیں جن سے ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان تعلقات مضبوط ہوتے ہیں۔اداکارہ نے شادی شدہ خواتین کو بھی مشورہ دیا کہ انہیں شوہروں کے نخرے اٹھانے اور برادشت کرنے چاہیے، کیوں کہ اس سے شوہر، اپنی اہلیہ کے ارد گرد رہتے ہیں۔ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی خاتون بیوی ہوکر بھی شوہر کے لاڈ نہیں اٹھائیں گی تو پھر باہر نخرے اٹھانے والوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔