کراچی ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل ختم، جنوبی افریقہ کو 29 رنز کی برتری حاصل

January 28, 2021

جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 187 رنز بناکر 29 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ 4 وکٹیں گنوا بیٹھے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے میچ میں دوبارہ واپسی کی۔

آج جب قومی ٹیم نے 308 رنز 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو 323 رنز کے مجموعے پر حسن علی آؤٹ ہوگئے، لیکن یاسر شاہ اور نعمان علی نے آخری وکٹ پر 55 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو 158 رنز کی برتری دلوادی۔

جنوبی افریقہ ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور صرف 29 رنز بنانے والے ڈین الیگر کی وکٹ دے کر اس نے 175 رنز بنا کر پاکستان کی برتری ختم کردی تھی۔

ایسے میں یاسر شاہ نے مزید دو وکٹیں اور نعمان علی نے ایک وکٹ لے کر مہمان ٹیم کو دن کے اختتام پر 187 کے مجموعے پر 4 اہم وکٹوں سے محروم کردیا۔

ایڈن مارکرم 74 اور وین ڈر ڈوسن 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈین ایلگر 29 اور فاف ڈیوپلیسی نے 10 رنز بنائے۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم کو 29 رنز کی برتری حاصل تھی جبکہ کپتان کوئنٹن ڈی کوک اور کیشو مہاراج ناٹ آؤٹ ہیں۔