مارگلہ ہلز پر 5 تیندوؤں کی موجودگی کا انکشاف

February 01, 2021

اندھیرے سے پہلے مارگلہ ہلز پر واک کرنے والے ضرور واپس آ جائیں۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے خبردار کر دیا۔ مارگلہ ہلز پر پانچ تیندوؤں کی موجودگی اب تک ریکارڈ ہو چکی ہے جبکہ گذشتہ ہفتے میں تین بار تیندوا انسانی ٹریکس پر واک کرتا بھی دکھائی دیا ہے۔

تیندوے کو 31 جنوری کو صبح 5 بجکر 37 منٹ پر دیکھا گیا، اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے کیمروں نے نایاب نسل کی مادہ تیندوے کی تصاویر محفوظ کر لیں۔

شہزادی نامی مادہ تیندوے کو ٹریل فور اور سِکس کے درمیان گزشتہ پانچ دنوں میں تین بار دیکھا گیا۔

2019 سے اب تک مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں پانچ مختلف تیندوؤں کو دیکھا گیا ہے۔

چیئرمین اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ رانا سعید خان کا کہنا ہے کہ ٹریل فور کا گیٹ مغرب کے وقت بند کردیا جائے گا اور ٹریل 6 کا گیٹ جلد لگا دیں گے۔

شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اندھیرا ہونے سے پہلے ٹریکس سے ضرور واپس آجائیں ورنہ وہ کسی مشکل سے دوچارہو سکتے ہیں۔