عثمان بزدار کی ہدایت پر گلشن اقبال پارک سے علامہ اقبال کا مجسمہ ہٹا دیا گیا

February 02, 2021

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر گلشن اقبال پارک سے شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا مجسمہ ہٹا دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی جی پی ایچ اے سے رپورٹ طلب کر لی اور ساتھ ہی پارک میں مجسمہ رکھنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ انکوائری کے بعد ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور کارروائی کی جائے، پارک میں مجسمہ رکھنے کا واقعہ متعلقہ حکام کی غفلت ہے۔

خیال رہے کہ سفید چونے اور سیمنٹ سے بنے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مجسمے کی تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے۔

یہ مجسمہ لاہور کے گلشن اقبال پارک میں گزشتہ سال جشن آزادی کے موقع پر نصب کیا گیا تھا۔

حیرانی کی بات یہ ہے کہ مذکورہ مجسمہ کسی ماہر مجسمہ ساز کا تخلیق کیا گیا شاہکار نہیں بلکہ مالیوں کی مفکر پاکستان سے عقیدت کا اظہار تھا۔