سینیٹ انتخابات: KPK سے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی جاری

February 06, 2021

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے لیے خیبر پختون خوا سے کاغذاتِ نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کےایک اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر انتخاب ہو گا۔

الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کا اپنے اعلامیے میں کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں سینیٹ کی 7 جنرل، 2 ٹیکنو کریٹ، 2 خواتین اور 1 اقلیتی نشست پر الیکشن ہو گا۔

اعلامیے میں الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا سے اب تک اقلیتی اور خاتون امیدوار سمیت 10 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان 10 امیدواروں میں محمد اسحاق خان، محمد لقمان، ملک محمد صالم خان، نجیب گل خلیل، مسعود الرحمٰن، عباس آفریدی، فیصل سلیم الرحمٰن، اسد سلیم الرحمٰن کے علاوہ خاتون امیدوار فرح خان اور اقلیتی امیدوار گردیپ سنگھ بھی شامل ہیں۔